وزیراعلیٰ جعلی ڈگری کیس، الیکشن کمیشن نے جواب جمع کرا دیا

 گلگت بلتستان چیف کورٹ میں جسٹس ملک عنایت الرحمن کی سربراہی میں جسٹس جوہر علی خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی مبینہ جعلی ڈگری کیس کی سماعت کرتے ہوئے خالد خورشید کی جانب سے رٹ پیٹشن میں دستاویزات شامل کرنے کیلئے دائر متفرق درخواست پر الیکشن کمیشن نے جواب دیدیا جبکہ عبدالحمید خان کی جانب سے امجد حسین ایڈووکیٹ نے جی بی بار کونسل میں دوران حصول لائسنس وکالت خالد خورشید جمع دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کی متفریق درخواست واپس لے کر خالد خورشید کی رٹ پٹیشن پر فیصلہ صادر کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کا جواب جمع کرانے کے بعد خالد خورشید کی متفرق درخواست اور رٹ پٹیشن دونوں پر بحث کیلئے 18 مئی مقرر کرکے مقدمے کو ملتوی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس ملک عنایت الرحمن اور جسٹس جوہر علی خان نے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا جواب عدالت میں پیش اور الیکشن کمیشن کے وکیل منیر احمد ایڈووکیٹ کی عدم حاضری اور جونیئر کونسل کی استدعا پر کیس کو ملتوی کرتے ہوئے18مئی کو بحث کیلئے مقرر کردیا جبکہ امجد حسین نے بار کونسل سے خالد خورشید کے دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کیلئے جو متفرق درخواست دائرکی تھی اس کو واپس لیتے ہوئے رٹ پٹیشن پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی۔