گلگت: گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار اہم انتظامی اختیارات
منتخب وزیراعلیٰ کو منتقل ہوگئے۔گلگت بلتستان رولز آف بزنس 2009 میں ترمیم،
سیکریٹریز کے تبادلے اور پوسٹنگ میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو اختیارات
مل گئے۔ گورنر گلگت بلتستان کی طرف سے بھیجے گئے ترمیم شدہ رولز گزٹ آف
پاکستان میں چھپ گئے۔ رولز آف بزنس میں ترمیم گلگت بلتستان کابینہ کی
منظوری کے بعد کرلیا گیا ہے۔ گزٹ آف پاکستان میں چھپنے کے بعد باقاعدہ
قانون بن گیا۔ رولز آف بزنس 2009 کے شیڈول III میں ہونے والی ترمیم کے
مطابق گلگت بلتستان میں چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کی تقرری
وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کرے گی لیکن اس میں وزارت امور کشمیر و جی بی کی
مشاورت لازمی قرار دیدی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے تمام سیکریٹریز کی تقرری
کا اختیار چیف سیکریٹری کے پاس رکھا گیا ہے لیکن اس میں وزیراعلیٰ گلگت
بلتستان سے مشاورت اور ان کو اعتماد میں لینا ناگزیر قرار دیدیا ہے۔ اس کے
علاوہ سیکریٹریٹ میں ہونے والے اہم پوسٹوں کی تقرری میں بھی وزیراعلیٰ گلگت
بلتستان کی مشاورت لازمی قرار دی گئی ہے۔ گلگت بلتستان پولیس میں گریڈ 18
اور اس سے اوپر کے پوسٹوں میں تبادلوں اور پوسٹنگ میں بھی وزیراعلیٰ گلگت
بلتستان کی مشاورت لازمی قرار دی گئی ہے۔ نئے رولز آف بزنس کے تحت گریڈ 17
سے نچلے آفیسران کی تقرری و تبادلے کا اختیار چیف سیکریٹری جی بی جبکہ
پولیس ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 17 سے نچلے آفیسران کی تقرری و تبادلے کا اختیار
انسپکٹر جنرل آف پولیس کو دیدیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ رولز آف بزنس 2009
میں بنائے گئے تھے اور اب تک اس میں کوئی ترمیم سامنے نہیں آئی تھی۔ گلگت
بلتستان سول سرونٹس کے ایسوسی ایشن کے مطالبات میں تاحال پی اے ایس
?آفیسران کی تعداد کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ مذکورہ ترمیم
کو گلگت بلتستان کے شہریوں نے خوش آئند قرار دیدیا اور امید ظاہر کی کہ
صوبائی حکومت اپنے اختیارات کا استعمال علاقے کے مفاد میں کریگی