گلگت (پ ر) پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات و رکن
اسمبلی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ
بھارت کے نام نہادجمہوری چہرے سے نقاب الٹ دیا جس کے نتیجے میں عالمی سطح
پر پاکستان کے موقف کو پزیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز
پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ جس طرح مختصر وقت میں عالمی
سطح پر ملکی وقار میں اضافہ کیا ہے اور کھویا ہوا اعتماد بحال کیا ہے وہ
لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت گمبھیر
صورتحال میں وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔ نام نہاد تبدیلی
سرکار کی جانب سے ملک کو عالمی سطح پر اندھیروں میں دھکیلا گیا تھا۔ ان
حالات میں بلاول بھٹو ملک و قوم کے لئے امید کی کرن بن کر سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی جھوٹ اور الزام تراشی پر مبنی سیاست
زمین بوس ہو چکی ہے۔ صوبائی حکومت بدترین کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کی
وجہ سے مالی بحران کا شکار ہوئی تھی تاہم وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کو
معاشی دلدل سے نکالنے کے لئے وسائل فراہم کئے۔ صوبائی حکومت نے گلگت
بلتستان کا بجٹ اپنی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے پر لگانے کے علاو ¿ہ
کچھ نہیں کیا۔ آج بھی صوبائی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کی نمائندگی کرنے
کے بجائے زمان پارک کی چوکیداری کرنے میں مصروف ہے۔ بہت جلد گلگت بلتستان
کے عوام ان چوکیدار ذہنیت کے حکمرانوں کو سیاسی منظرنامے سے ہٹا دیں گے۔