اسلام آباد (پ۔ر) قائدِ حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر
پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ
بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو سفارتی طور پر گھر میں گھس کر مارا اور
بھارت کا مکروہ اور انتہا پسندانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔
بھارت کے اندر مظلوم کشمیریوں کی بھرپور وکالت پر چیئرمین پاکستان پیپلز
پارٹی بلاول بھٹو زرداری خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ
دورہ بھارت کے دوران بلاول بھٹو نے نہایت بہادری کے ساتھ اور مدلل انداز
میں بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا۔ ماضی میں پاکستان پر انتہا پسندی
کے الزامات لگانے والے بھارت کو عالمی سطح پر رسوائی کا شکار کرنا بلاول
بھٹو کا شاندار کارنامہ ہے۔ دنیا کو یہ بات باور کرنی پڑے گی کہ پاکستان
انتہا پسند نہیں بلکہ ہمارا ملک عالمی طاقتوں کی غلطیوں کی بدولت دہشت گردی
کا شکار رہا ہے اور بھاری جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا
کہ عمران نیازی نے پاکستان کو بری طرح سفارتی تنہائی کا شکار کیا تھا جس
کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے تاہم جب سے بلاول بھٹو نے وزیر خارجہ کا
قلمدان سنبھالا ہے حالات بتدریج بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔ آج دنیا پاکستان
پر بھرپور اعتماد کر رہی ہے جس کے مثبت سیاسی اور معاشی اثرات مرتب ہو رہے
ہیں۔ پیپلز پارٹی کے مخالفین سمیت عالمی سطح پر بلاول بھٹو کی خارجہ پالیسی
خصوصاً دورہ بھارت کی کامیابی کو تسلیم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا
کہ سندھ کے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کی شاندار کامیابی پر
سندھ کے جیالے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ نچلی سطح کے انتخابات سے ثابت ہو
رہا ہے کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر
رہی ہے۔ انشائ اللہ آنے والے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی وفاق سمیت
تمام صوبوں میں عوامی حکومت قائم کرے گی اور بدترین مہنگائی کے ستائے عوام
کو بھرپور ریلیف اور روزگار فراہم کرے گی۔