اسلام آباد(پ ر)صوبائی وزیر اطلاعات، منصوبہ بندی و ترقی گلگت بلتستان فتح
اللہ خان نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان ایک طویل عرصے سے ناانصافی اور
ظلم کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں،یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ عمران خان نے
دوسرے پارٹی سربراہوںکی طرح کبھی بھی اقتدار کی جنگ نہیں لڑی۔حق اور باطل
کی لڑائی جاری ہے۔خان صاحب کی قیادت میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سے لے کر
ایک ایک کارکن تک ہم سب ایک پیج پر ہیں اور ہم سب کا موقف بھی ایک ہے۔کوئی
مائی کا لالعل گلگت بلتستان حکومت کو گراسکتا ہے نہ ہی کوئی عدم اعتماد
لاسکتا ہے،ایسی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔امجد اور حفیظ
دونوں کو سیاسی شکست سامنے نظر آرہی ہے۔آئے روز اپنی اپنی پریس کانفرنسز
میں نازیبا الفاظ کا استعمال اس بات کا غماز ہے کہ انہیں وفاق سمیت گلگت
بلتستان میں ان کی شکست یقینی ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ
اندرونی یا کوئی بیرونی قوت عمران خان کی سوچ،ویڑن اور ان کے موقف کو
سبوتاڑ نہیں کرسکتی اور یہ بات ناممکن ہے۔ہم سب بھائیوں کی طرح عمران خان
کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔محسن گلگت بلتستان عمران
خان بہت جلد ملک کا وزیراعظم ہوں گے اور انشاءاللہ گلگت بلتستان کو ایک
دفعہ پھر سے ترقی کی جانب لے کر جائیں گے۔صوبائی وزیر فتح اللہ خان کا مذید
کہنا تھا کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی سربراہی میں صوبائی
کابینہ و اسمبلی اراکین نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات میں
خطے کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر اہم ایشوز پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے،جس
میں ہم سب نے اعادہ کیا ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریک میں گلگت بلتستان کی
صوبائی کابینہ، پی ٹی آئی و اتحادی اراکین اسمبلی اور عوام سیسہ پلائی ہوئی
دیوار کی طرح چیئرمین عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔