اٹلی میں ChatGPT تک صارفین کی رسائی بحال کر دی گئی

اٹلی میں ChatGPT چیٹ بوٹ تک صارفین کی رسائی بحال کر دی گئی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اطالوی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی نے پرائیویسی کے خدشات کے پیش نظر اپریل کے آغاز میں ChatGPT چیٹ بوٹ پر پابندی لگا دی تھی۔ChatGPT کو بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی نے کہا ہے کہ اس نے مسائل کو کامیابی سے حل کر لیا ہے۔اطالوی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی جسے ’ گارانٹے ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے نے عارضی طور پر چیٹ بوٹ کو محدود کر دیا تھا اور مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشن کی مشتبہ خلاف ورزی پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔گارانٹے نے کہا کہ وہ اوپن اے آئی کے حوالے سے حقائق تلاش کرنے کی سرگرمیاں اس ایڈہاک ٹاسک فورس کی زیر نگرانی بھی جاری رکھے گی جسے یورپی ڈیٹا پروٹیکشن بورڈ نے قائم کیا تھا۔