پیس ایکسپو علاقائی روایات کیخلاف، منسوخ کیا جائے، علماء دیامر

چلاس (پ ر) داریل ایکسپو کیخلاف علماء داریل میدان میں آگئے۔  داریل پیس ایکسپو کو علاقائی روایات کے خلاف قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے حکومت سے روکنے کا مطالبہ کر دیاہے۔ اس حوالے سے ایک متفقہ قرارداد سامنے آگئی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ داریل میں منعقدہ پیس ایکسپو جو کہ ایک منفرد پہلو سے ہونے جا رہا ہے اس کا تمام تر طریقہ کار و پروگرام کے خدو خال کا ہم نے بغور جائزہ لیا جس کا پس منظر حقائق کچھ اور ہیں جو کہ بیرونی لا دینی عزائم کا شاخسانہ ہے اہل اسلام کو یہ قطعاً منظور نہیں۔ نیز داریل و تانگیر کی اپنی تہذیب و روایات ہیں جس کی تحفظ کیلئے الحاق پاکستان کے وقت معاہدہ ہوچکا ہے۔ قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ ایکسپو علاقے کی تہذیب و کلچر کو سبوتاژ کرنے کی گہری سازش ہے جو اہل علاقہ کو قطعاً منظور نہیں نیز یہ علاقہ بیرونی سیاحوں کے لئے غیر محفوظ ہے۔ ان تمام وجوہات کی بنا پر تمام علماء داریل ، عوام داریل اور مجاہدین دیامر کی طرف سے حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ اس ایکسپو کو فی الفور ختم منسوخ کیا جائے۔