اسلام آباد،پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات و رکن اسمبلی سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ وزیر اعلٰی گلگت بلتستان اور وزرائ نے گلگت بلتستان کو یہاں کے عوام کے لئے مسائل کی آماجگاہ اور عمران خان اور ان کے حواریوں کے لئے سونے کی چڑیا بنا دیا ہے جبکہ گلگت بلتستان اسمبلی کو دیوسائی کا میدان بنا دیا ہے جو چھے مہینے بند رہتا ہے۔ گلگت اور سکردو میں آئے روز بجلی پانی اور آٹے کی عدم دستیابی پر ماہ رمضان میں بھی خواتین کا احتجاج اور دوسری طرف پنشنرز کا احتجاج صوبائی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ صوبائی وزرائ گلگت بلتستان کا بجٹ زمان پارک پر لگا کر اور وہاں کی چوکیداری پر اسمبلی میں ایسے چیختے اور اتراتے ہیں جیسے گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ لڑ کر آئے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زمان پارک کے بعد اب تحریک انصاف کے مفرور افراد پر گلگت بلتستان وسائل نچھاور کئے جا رہے ہیں۔ سیاست کے منظر نامے میں تحریکِ انصاف اور عمران نیازی کا کردار صرف تماشائی کا رہ گیا ہے۔ تحریک انصاف کی جھوٹ اور الزام تراشی پر مبنی سیاست زمین بوس ہو چکی ہے۔ صوبائی حکومت بدترین کرپشن، نااہلی اور بدانتظامی کی وجہ سے مالی بحران کا شکار ہوئی ہے اب یہ لوگ اپنی نااہلی کا ملبہ وفاقی حکومت پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت نے گلگت بلتستان کا بجٹ زمان پارک کے کچن سیکورٹی اور وکلاءکی فیسوں پر لگا دیا ہے۔ عمران نیازی نے جس طرح چار سال میں ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا وزیر اعلٰی وہی حال گلگت بلتستان کی معیشت کا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہولت کاروں کو جمع کر کے حکومت بنانے اور نظام چلانے میں بہت فرق ہوتا ہے۔ گلگت بلتستان کے بزدار نے علاقے کو ترقی کے بجائے تنزلی کی راہ پر لگا دیا ہے۔ عمران نیازی نے جس طرح وفاق میں الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا اسی طرح صوبائی حکومت کی کارکردگی بھی سیاسی مخالفین پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ستر سالوں میں ملکی معیشت کو اتنا نقصان نہیں پہنچا تھا جتنا عمران نیازی نے پونے چار سالوں میں پہنچایا عوام آج اسی کے غلط فیصلوں کی وجہ سے مہنگائی اور غربت کی چکی میں پس رہے ہےں۔ موجودہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کی تاریخ کی نااہلی اور ناکام ترین حکومت ہے جہاں عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم اور سراپا احتجاج ہیں۔-
